پشاور، ہائی اسکول میں سیاسی جماعت کے جلسے کا نوٹس، ہیڈ ماسٹر معطل

326

پشاور (آئی این پی) مشیر تعلیم خیبر پختونخوا ضیا اللہ بنگش نے بنوں کے علاقے بڈاخیل میں ہائی اسکول میں عوامی نیشنل پارٹی کے سیاسی جلسے کا نوٹس لیتے ہوئے ہیڈ ماسٹر کو معطل کردیا۔ مشیر تعلیم کے مطابق تعلیمی اداروں میں سیاسی پروگرامز پر پابندی عائد ہے۔ درسگاہوں میں سیاسی جلسے کرنا افسوسناک ہے۔ ہفتے کو مشیر تعلیم خیبر پختونخوا ضیا اللہ بنگش نے بنوں کے سرکاری اسکول میں عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے کا نوٹس لیتے ہوئے ہائی اسکول بڈاخیل کے ہیڈ ماسٹر کو معطل کردیا۔ مشیر تعلیم کے پی کے ضیا اللہ نے کہا کہ سرکاری اسکول میں سیاسی سرگرمیاں افسوسناک ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی نے محکمہ تعلیم کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ اے این پی کے بے روزگار رہنما مالی بحران کا شکار ہیں، اسی وجہ سے وہ سرکاری اسکولوں میں سیاسی جلسے کررہی ہے، لیکن تحریک انصاف کی حکومت قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کو سیاسی سرگرمیوں سے پاک رکھے گی۔ تعلیمی اداروں میں کسی بھی قسم کے سیاسی پروگرامز پر پہلے ہی سے پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی پر سزا بھی ہے۔