نوابشاہ (سٹی رپورٹر) صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو کے اپنے حلقے کے تعلقہ اسپتال دوڑ میں لاش لے جانے کے لیے ایمبولینس نایاب، ایمولیس نہ ملنے کے سبب لاش 2 گھنٹے اسپتال کے باہر پڑی رہی۔ دوڑ اسپتال میں فوت ہونے والی خاتون کی لاش 2 گھنٹے ایمبولینس نہ ملنے کے سبب دوڑ اسپتال کے سامنے بے یارو مددگار پڑی رہی۔ اسپتال انتظامیہ نے ایمبولینس دینے سے انکار کردیا۔ اس موقع پر ورثا گاؤں مٹھو خان مری کے رہائشی مظہر حسین مری نے بتایا کہ ہم اپنی 65 سالہ والدہ کو تشویشناک حالت میں باندی سے نوابشاہ اسپتال لے جارہے تھے کہ اچانک طبیعت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے دوڑ اسپتال لے آئے جہاں وہ فوت ہوگئیں۔ اسپتال انتظامیہ کو کہا کہ ہمیں ایمبولینس دیں تاکہ ہم لاش کو گاؤں لے جاسکیں، پر اسپتال انتظامیہ نے ایمبولینس دینے سے انکار کردیا۔ رابطہ کرنے پر اسپتال انتظامیہ نے بتایا ہے کی ہماری ایمبولینس ایمرجنسی کے لیے ہوتی ہے، جو ایمرجنسی کی صورت میں ہی دی جاتی ہے جبکہ دو گھنٹے کے بعد نوابشاہ سے ایمبولینس پہنچی جس کے بعد ورثا لاش کو گاؤں لے گئے۔