عملے کے تعاون کے بغیر کوئی ادارہ نتائج نہیں دے سکتا، چیف جسٹس

208
اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ عدالت عظمیٰ کے ملازمین و افسران سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد (آن لائن) چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے کہا ہے کہ عملے اور افسران کے تعاون کے بغیر کوئی بھی ادارہ خاطر خواہ نتائج نہیں دے سکتا، عدالت عظمیٰ کا عملہ انصاف کی فراہمی کی راہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جن کے تعاون کے بغیر ملک میں فوری انصاف کی فراہمی محض ایک خواب تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عدالت عظمیٰ کے افسران اور عملے کی طرف سے ان کی ریٹائرمنٹ کی مناسبت سے دی گئی الوداعی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں ے کہا کہ وہ بطور چیف جسٹس عدالت عظمیٰ کے تمام عملے کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیتے رہے ہیں، اس دورانیے میں عدالتی عملے کے کام کے جذبے کے شاہد ہیں اور یہی جذبہ ہی تھا جس کے سبب عدالت عظمیٰ نے قلیل مدت میں انتہائی برق رفتاری سے مقدمات کے فیصلے سنائے۔ چیف جسٹس نے رجسٹرار سپریم کورٹ ارباب محمد عارف اور ایڈمنسٹریشن ونگ کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ سپریم کورٹ کے افسران اوراسٹاف نے انہیں گلدستہ بھی پیش کیا۔