نواب شاہ‘ زرداری کے دوست اسماعیل ڈاہری کو34 سال قید کی سزا

123

نواب شاہ(نمائندہ جسارت) انسداد دہشت گردی کی عدالت شہید بینظیر آباد نے وزیر اعلیٰ سندھ کے سابق خصوصی معاون اور آصف علی زرداری کے قریبی دوست محمد اسماعیل ڈاہری کو جرم ثابت ہونے پر 34 سال قیدکی سزا سنا دی جس کے بعد ان کو جیل منتقل کردیا گیا۔ عدالت کی جانب سے دہشت گردی کرنے کا جرم ثابت ہونے پر14 سال، غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں 10سال جبکہ بارودی مواد رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر 10سال قیدکی سزا سنا دی گئی۔ واضح رہے کہ 4 جولائی 2018 ء کو دولت پور پولیس نے رینجرز کے ہمراہ محمد اسماعیل ڈاہری کی رہائشگاہ پر چھاپا مارکر بارودی مواد برآمد کیا تھا۔ محمد اسماعیل ڈاہری نے عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے جس جرم میں مجھے سزا ئی ہے وہ جھوٹ پر مبنی ہے‘ہائی کورٹ سے رجوع کروںگا۔ دوسری جانب سے محمد اسماعیل ڈاہری کی سزا کے خلاف پی پی پی کارکنان کی جانب سے نوا ب شاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔