انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کل اسلام آباد میں شروع ہو گا

172

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان اسکواش فیڈریشن کے زیراہتمام انٹرنیشنل ا سکواش ٹورنامنٹ کل سے مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل گروپ کیپٹن طاہر سلطان نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور ایونٹ میں ملکی اور غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ ایونٹ میں ٹاپ 50 رینکنگ کے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ مصر کے یوسف ابراہیم اور ہانگ کانگ کے تزونگ ٹونگ مرد اور خواتین ایونٹ کے ٹاپ سیڈ ہوں گے۔ ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں سمیت دوسرے غیر ملکی کھلاڑی جن کا تعلق مصر، امریکا، ہانگ کانگ، برطانیہ، ملائیشیا، جرمنی، پرتگال، ا سپین، سوئٹزرلینڈ، اردن اور آسٹریا سے ہے۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلے 18دسمبر کو جبکہ فائنل 19 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کی کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں مردوں کیلئے 20 ہزار ڈالر اور خواتین کیلئے 12 ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کی آمد شروع ہو چکی ہے۔