آصف زرداری نے پلی بارگین نہ کی تو بلاول کا مستقبل ختم ہوجائے گا‘ شیخ رشید

92

اسلام آباد(اے پی پی)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے پلی بارگین نہ کی تو بلاول کا مستقبل ختم ہوجائے گا۔جمعرات کو بحریہ یونیورسٹی میں سیمینارسے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آصف علی زرداری کی ضمانت اچھی بات ہے ،آصف زرداری کی مارچ تک 5 مقدمات میں پلی بارگین ہو جائے گی، بلاول نے بھی پلی بارگین نہ کی تو ان کا سیاسی مستقبل ختم ہو جائے گا،اہم دنوں کا آغاز ہوچکا ہے ، آنے والے چند دنوں میں پلی بارگیننگ کے بہت سے مقدمات آئیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل کے لیے اتفاق رائے ملک اور قوم کے لیے بہتر ہوگا،2013ء اور 2018ء کے نتائج بھی تسلیم نہیں کیے گئے،یہ روایات ختم ہونی چاہییں،جیت جائیں تو الیکشن کمیشن کاکوئی ثانی نہیں ہوتا اگر ہار جائیں تو دھاندلی کی کوئی مثال نہیں ہوتی، یہ دوہرا معیار ختم ہونا چاہیے،نئے انتخابات کا مطالبہ کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ شیخ رشید نے کہا کہ لاہور میں پڑھی لکھی کور کے غیرذمے دارانہ رویے پر قوم سکتے میں ہے، وکلاء نے جناح کا کوٹ پہن کر جاہلوں سے بدتر حرکت کی، کالے اور سفید کوٹ کی لڑائی میں قیمتی جانیں گئیں اور دنیا کو پیغام ملا کہ ہم میں تحمل اور برداشت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عام آدمی مہنگائی اور دیگر مسائل سے دوچار ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایک ہندو ریاست بنتی جا رہی ہے، مسلمان شہریت حاصل نہیں کرسکتے، مودی کو نہیں پتا یو پی اور سی پی کا مسلمان بھی جاگے گا، حکومت پاکستان ان مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔