لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے نامور تعلیمی ادارے زیبسٹ کے زیر اہتمام 9 دسمبر سے 14 دسمبر تک فلاح خلق کی مہم چلائی جارہی ہے، اس حوالے سے شہریوں کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے زیبسٹ کالج سے ریلی نکالی گئی جو کہ شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی سر شاہنواز بھٹو میموریل لائبریری پہنچی۔ بعد ازاں زیبسٹ کالج میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہیڈ آف زیبسٹ زاہدہ ابڑو، ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش، اے ایس پی محمد کلیم ملک، ٹریفک سارجنٹ وحید ابڑو، موٹر وے پولیس کے افسران ایس ایس پی اشتیاق حسین آرائیں، ڈی ایس پی اسد اللہ ابڑو، ایڈمن آفیسر سجاد علی پیرزادہ، سجاد علی ہکڑو، راشد علی سوڈر سمیت مختلف طبقہ فکر کے افراد سمیت طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شرکا کا کہنا تھا کہ زیبسٹ انتظامیہ کی جانب سے فلاح خلق مہم کا مقصد فلاحی کاموں کا آغاز کرکے غریب لوگوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ مہم کے دوران شہر میں صفائی، شجر کاری، غریبوں میں کپڑے اور طلبہ میں کتب تقسیم کرنے، اساتذہ کو تربیت دینے، بچیوں کو تعلیم دینے کے حوالے سے پروگرامات ترتیب دیے گئے ہیں، جس سے ہمارے معاشرے میں کافی بہتری آئے گی کیونکہ فلاحی کاموں میں ہر شہری بڑھ چڑھ کر حصہ لے تاکہ غریب لوگوں کو محرومیوں سے نکال کر ان کی مدد کی جائے۔