مائنس ون نہیں نئے وزیراعظم کی زیر نگرانی شفاف انتخابات چاہتے ہیں،احسن اقبال

99

اسلام آباد(صباح نیوز) اپوزیشن نے اتفاق رائے سے2،3 ماہ کے لیے نئے وزیر اعظم کے انتخاب کا مطالبہ کردیا ،نیا وزیراعظم تمام جماعتوں کی مشاورت سے نئے عام انتخابات کا اعلان کرے ۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ہمارا کوئی مائنس ون ایجنڈا نہیں، صاف وشفاف انتخابات چاہتے ہیں، عمران خان مزید 6 ماہ رہ گئے تو پاکستان میں حالات ناقابل اصلاح ہو جائیں گے ،پی ٹی آئی کے اندر سے بھی عمران کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، پی ٹی آئی میں 3امیدوار ہیں جنہوں نے شیروانیاں تیار کر لی ہیں۔گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے رہنماء نے کہا کہ فارن فنڈنگ کی وجہ سے حکومت اپوزیشن پر حملے کررہی ہے،ہم رابطے میں ہیں اور رہیں گے، جمہوریت میں رابطے ختم  نہیں کرتے، جس مقام پر آج ملک چلا گیا ہے اگر ہم نے کوئی راستہ نہ نکالا تو ملک مزید معاشی دلدل میں پھنستا چلا جائے گا،بے روزگاری عروج پر ہے، تاجر پریشان ہیں، کسان مایوس ہیں، اس پر یہ کہتے ہیں کہا کہ اعشاریے بہتر ہیں جب کہ پچھلے 20 برس کی سب سے زیادہ بے روزگاری اور مہنگائی کی شرح اس وقت پاکستان میں ہے، نوجوان ڈگریاں لے کر سڑکوں پر پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے سے 2،3 ماہ کے لیے نیا وزیر اعظم لایا جائے جو اصلاحات کرے،ہم احتجاج کو پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے، اب حکومت نے بجلی کے بلوں میں بلا جواز اضافہ کیا ہے ،دراصل یہ ٹیکس سلیکشن میں ناکام ہو گئے ہیں اور اپنے اخراجات کم کرنے میں بھی ناکام ہو رہے ہیں،حکمران خسارے کا سارا بوجھ عوام پر ڈال رہے ہیں، پی ٹی آئی کے منتخب ارکان بھی اس بات پر پریشان ہیں کہ عمران خان کی و جہ سے تو خود پی ٹی آئی بھی نیچے جا رہی ہے ،پی ٹی آئی کے اندر سے بھی عمران کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، پی ٹی آئی میں 3 امیدوار ہیں جنہوں نے شیروانیاں تیار کر لی ہیں،عمران خان جھوٹ بول رہے ہیں کہ انہیں سب سے زیادہ خسارہ ملا ۔احسن اقبال نے واضح کیا ہے کہ ہمارا کوئی مائنس ون ایجنڈا نہیں، ہم پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے ایک صاف وشفاف الیکشن چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی واپسی صحت سے جڑی ہے جیسے ہی صحت مندہوئے پہلی پروازسے وطن واپس آجائیں گے۔
احسن اقبال