ٹنڈوآدم لاڑکانہ جیکب آباد،نوجوان کی تشدد زدہ نعش برآمد،بس نے بچے کو کچل ڈالا

138

ٹنڈو آدم، لاڑکانہ، جیکب آباد (نمائندگان جسارت) ٹنڈو آدم سے گزشتہ شب اغوا ہونے والے نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد، ایک ملزم گرفتار۔ ٹنڈو آدم ڈھول چوک کے رہائشی 35 سالہ فرحان انصاری کی تشدد زدہ لاش بیرانی تھانے کی حدود میرا موری سے برآمد ہوئی، لاش کو بیرانی پولیس نے تعلقہ اسپتال ٹنڈو آدم پوسٹ مارٹم کے لیے لایا گیا۔ اس سلسلے میں متوفی کے والد عثمان انصاری نے بتایا کہ میرا بیٹا گزشتہ شب گھر کا سامان لینے کے لیے گھر سے نکلا تھا مگر واپس نہیں لوٹا، جس کی تلاش بھی کی اور اب اس کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے نے چند سال قبل ہندو لڑکی برکا کو مسلمان کر کے شادی کی تھی، جس سے چار بچے ہیں، متوفی کے والد نے داد رسی کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے کو قتل کیا گیا ہے، ملوث ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ علاوہ ازیں رابطہ کرنے پر ڈی ایس پی ایوب بروہی نے بتایا کہ ایک ملزم قمر دین مگسی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ واقع کا مقدمہ ورثا کے مطابق درج کیا جائے گا۔ شک ہے کہ نوجوان کو گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آجائے، مزید کارروائی کریں گے۔ لاڑکانہ شہر کے نوڈیرو چوک پر تیز رفتار بس کی ٹکر کے نتیجے میں تیسری جماعت کا 8 سالا طالب علم شہباز احمد ولد قمرالدین بھٹو جاں بحق ہوگیا۔ حادثے کے بعد بس ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جبکہ بس علاقے کے حیدری تھانے نے تحویل میں لے رکھی ہے۔ علاوہ ازیں بچے کی ہلاکت پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر افتخار علی سانڈاہنو، اساتذہ اور سیکڑوں طلبہ و طالبات نے واقعہ کیخلاف احتجاج کیا اور معصوم بچے کے قاتل بس ڈرائیور کو فوری گرفتار کرکے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر دڑی پولیس نے اے ایس پی سٹی محمد کلیم کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے شہری سے چھینی جانے والی نقد ایک لاکھ روپے اور موبائل فون برآمد کرکے ملزم سے تفتیش شروع کردی۔ اے ایس پی کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کے نتیجے میں ایک ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے نقدی رقم برآمد کرلی ہے، جن سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ملزمان کے مزید اعترافات اور برآمدگیوں کے بعد ملزم کو میڈیا کے سامنے لایا جائے گا۔ دوسری جانب اے ایس پی نے شہری انیت کمار کو اپنے آفس طلب کرکے نقد رقم حوالے کی جس پر انہوں نے پولیس کا شکریہ بھی ادا کیا۔ جیکب آباد پولیس کی کامیاب کارروائی، منشیات کی بہت بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، 160 کلو چرس سمیت ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے، ایس ایس پی بشیر بروہی۔ ایس ایس پی جیکب آباد بشیر بروہی نے مولاداد تھانے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مولاداد پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی ہے۔ خفیہ اطلاع پر تلاشی کے دوران ڈاٹسن کے خفیہ خانوں سے 160 کلو چرس سمیت بین الصوبائی گروہ کے رکن ملزم اللہ ڈنو ولد گل حسن رند سکنہ بالان شاخ بلوچستان کو گرفتار کیا ہے۔ منشیات کوئٹہ سے حیدر آباد اسمگل کی جارہی تھی۔ ایس ایس پی بشیر بروہی نے مزید کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پولیس کو خصوصی ہدایات دی ہیں۔