ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) سابق صدر آصف علی زردای کی صاحب زادیاں آصفہ زرداری اور بختاور زرداری گوٹھ دریا خان میں ایک روزہ نجی دورے پر پہنچ گئیں۔ دونوں بہنیں اچانک بغیر سیکورٹی کے ٹنڈوالٰہیار پہنچی اور رئیس غلام قادر مری کی جانب سے دیے جانے والے ظہرانے میں شرکت کی۔ دونوں بہنوں کے دورے کے حوالے سے میڈیا اور انتظامیہ کو دور رکھا گیا اور کسی کو کوئی اطلاع نہیں دی گئی جبکہ ٹنڈوالٰہیار پہنچنے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی سخت کردی گئی اور ضلعی انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی۔ دوسری جانب بختاور زرداری اور آصفہ زرداری نے غلام قادر مری کے ہمراہ اپنے فارم ہائوس اور تعمیر ہونے والے ہائوس کا دورہ کیا۔ گوٹھ دریا خان مری کے درجنوں افراد نے استقبال کیا جبکہ غلام قادر مری تعلقہ چمبڑ کے صدر رمضان مری، یوسی چیئرمین رانو خان مری، یار محمد مری ودیگر نے دونوں بہنوں کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کی جبکہ غلام قادر مری کی جانب سے بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا۔ رابطہ کرنے پر غلام قادر مری نے بتایا کہ یہ دونوں بہنوں کا نجی دورہ تھا، جو اپنی زمین زرعی فارم ہائوس گھومنے اور تعمیر ہونے والے ہائوس کو دیکھنے آئی تھیں اور میری جانب سے دیے جانے والے ظہرانے میں شریک ہوئیں اور واپس چلی گئیں۔ یہ ان کا نجی دورہ تھا، اس لیے کسی کو اطلاع نہیں دی گئی اور یہ ان کا اپنا گھر ہے جب دل کرے آسکتی ہیں۔