لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کیلئے ڈرافٹننگ کا عمل آج نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں مکمل ہوگا ۔
پی ایس ایل 5 کیلیے ڈرافٹ کی تقریب آج نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سجے گی،تمام 6 فرنچائزز کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی، گزشتہ ڈارفٹ کیلیے دستیاب کرکٹرز میں اس بار نئے چہروں کی بھی انٹری ہوئی ہے، ڈیل اسٹین،معین علی، عادل راشد، ہاشم آملا، جیسن روئے، راشد خان، محمد نبی، کولن منرو اور انجیلو میتھیوز سمیت کئی نامور کرکٹرز اپنی دستیابی ظاہر کرچکے ہیں۔
قبل ازیں یکم دسمبر کو ریٹینشن اور ٹرانسفر ونڈو بند ہونے تک ہر فرنچائز نے گزشتہ اسکواڈ میں شامل 8 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا،پی ایس یل میں شریک تمام فرنچائزز کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 18 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دے سکتی ہیں ، ان میں 3 پلاٹینم، 3 ڈائمنڈ، 3 گولڈ، 5 سلور، 2 ایمرجنگ اور 2 سپلیمنٹری (اختیاری) پلیئرز شامل ہوں گے۔
ہر فرنچائز کو پہلی 9 باریوں میں 3 غیرملکی کھلاڑیوں کو پک کرنا ہے،16 رکنی اسکواڈ میں 11 مقامی اور 5 غیرملکی پلیئرز کی شمولیت لازمی ہوگی تاہم فائنل اسکواڈ میں کھلاڑیوں کی ترتیب 2 آرڈر میں کی جاسکتی ہے یا تو 12مقامی اور 6غیرملکی کھلاڑی یا پھر 13مقامی اور 5 غیرملکی کھلاڑی شامل ہوں گے۔
ہر فرنچائز ایک کھلاڑی کوایمبسڈر اور ایک کو مینٹورز مقرر کرسکتی ہے، ری ٹینشن کے موقع پر ان کی کیٹیگری میں ایک درجے تنزلی ہوئی ہے۔ پہلے راؤنڈ کیلیے پک آرڈر کے مطابق دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی، لاہور قلندرز کی دوسری، ملتان سلطانز تیسری، 2مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ چوتھی، پشاور زلمی پانچویں اور کراچی کنگز کو چھٹی باری ملی ہے۔