نواز اور شہباز کی وطن واپسی میں تاخیر دیکھ رہا ہوں ،شیخ رشید

178
لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز اورشہباز کی وطن واپسی میں تاخیر دیکھ رہا ہوں،جس روزشہباز شریف سچ بولیں گے وہ ان کی سیاست کا آخری روز ہو گا، شہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف کے ساتھ بطور ٹوکن گئے ہیں،یہ جب لندن جاتے ہیں کوئی نیا شگوفہ کھلاتے ہیں، مجرم نواز شریف اگر باہر علاج کے لیے جا سکتے ہیں تو ملزم آصف زرداری کو بھی باہر علاج کرانے کا پورا حق حاصل ہے،یہ لوگ چیئرمین سینیٹ تبدیل نہیں کرسکے،وزیراعظم کیسے تبدیل کریں گے،جن کے گھر سے14ووٹ کم آئے ہوں وہ تبدیلی خاک لائیں گے،فضل الرحمن3 سال بعد والے دسمبر کی بات کر رہے ہیں،مولاناسال بھی بتائیں، دسمبر2019ء فضل الرحمن کے دیکھتے دیکھتے گزر جائے گااورجس کو شوق ہے وہ تحریک عدم اعتماد لے آئے۔ گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو میںشیخ رشید نے لاہور واہگہ شٹل ٹرین14دسمبر سے چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ریلوے کی ترقی کے لیے کوشاں ہے، تاریخ میں پہلی بار ریلوے مسافروں میں اضافہ ہواہے،پاکستان میں مسافرٹرینیں منافع میں جارہی ہیں،میں نے4 آنے خرچ نہیں کیے اور ریلوے کو نفع دیا،ایم ایل ون سے ایک لاکھ افراد کو روزگارملے گا،ایم ایل ون کا 1872 کلومیٹرتک نیا ٹریک ہوگا،ایم ایل ون کے ٹریک میں کوئی پھاٹک نہیں ہوگا،ریلوے خسارے کو 3برس میں ختم کر دیں گے، فریٹ ٹرینوں کا10 فیصد کرایہ کم کر رہے ہیں۔شیخ ر شید نے کہاکہ آپ مطالبہ کرتے ہیں الیکشن کمیشن شفاف ہونا چاہیے توپھر کیوں اپنی پسند کا جج لگواتے ہیں،اتفاق رائے سے الیکشن کمشنر لگوایاپھر 2018ء الیکشن کے نتائج کیوں نہ تسلیم کیے گئے،ہمیں من پسند نہیں،اچھا جج لگانا چاہیے ،پارلیمنٹ کے فیصلے عدالتیں کرنے لگیں تووہ دن بھی آئے گا کہ عدالتیں ہی پارلیمنٹ کافیصلہ کریںگی۔ آرمی چیف جنرل باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع طے شدہ مسئلہ ہے اور توسیع سادہ اکثریت سے ہوگی۔
شیخ رشید