موجودہ حکومت نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیاہے، سینیٹر سراج الحق

313

امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سابقہ اور موجودہ حکومت نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیاہے،اب اس خوش فہمی اور فریب میں نہیں رہنا چاہیے کہ یہ حالات میں کوئی تبدیلی لاسکتے ہیں ۔

منصورہ میں مرکزی و صوبائی سیکرٹریز اطلاعات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پندرہ ماہ گزر گئے مگر پی ٹی آئی حکومت عوام سے کیا گیا کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کر سکی،حکمران عوام کے ساتھ مسلسل جھوٹ بو ل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ناکام لوگوں کا ٹولہ ہے جو پارٹیاں بدل بدل کر عوام کو دھوکہ دے رہاہے،پی ٹی آئی سابقہ حکومتوں کا تسلسل ہے،ان سے خیر کی توقع رکھنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں،عام آدمی مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں پس کر رہ گیاہے،لوگوں کے لیے دو وقت کے کھانے کا حصول مشکل بنادیا گیاہے، پہلے لوگ سونا چاندی مہنگا ہونے کی باتیں کیا کرتے تھے اب آلو، ٹماٹر، پیاز کی قیمتوں کی بات کرتے ہیں ۔

امیر جماعت اسلامی نےکہا کہ ہمیں  اب کسی خوش فہمی اور فریب میں نہیں رہنا چاہیے کہ یہ حالات میں کوئی تبدیلی لاسکتے ہیں،ظالم جاگیرداروں اور بے رحم سرمایہ داروں نے ہائی جیکرز کی طر ح معاشرے کو یرغمال بنا رکھاہے ۔

انہوں نے کہا کہ غربت،جہالت،مہنگائی،بے روزگاری اور بدامنی جیسے مسائل کے ذمہ دار یہی بے حس لوگ ہیں،پی ٹی آئی خود اسٹیٹس کو کی محافظ بن چکی ہے،طبقاتی معاشی اور تعلیمی نظام کے ذریعے یہ لوگ عام آدمی کا استحصال کر رہے ہیں ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کشمیر گزشتہ چار ماہ سے کربلا بنا ہواہے،ہزاروں نوجوانوں کو اٹھا کر بھارتی جیلوں میں بند کردیا گیاہے،کشمیری قیادت جیلوں میں بند اور گھروں میں قید ہے،سینکڑوں بچیوں کو اٹھا کر انہیں درندگی کا نشانہ بنایا جارہاہے،کشمیری مائیں بہنیں بیٹیاں چیخ و پکار کر رہی ہیں مگر حکمران اندھے گونگے اور بہرے بنے ہوئے ہیں کوئی ان کی پکار سننے والا نہیں۔

 انہوں نے کہاکہ جب وزیراعظم نے سلطان ٹیپو بننے کی بات کی تو عوام خوشی سے جھوم اٹھے مگر بعد میں ٹیپو سلطان نے بازو پر کالی پٹی باندھ کرقوم کے سر شرم سے جھکا دیے،22 دسمبر کو ملک بھر میں لاکھوں لوگ اسلام آباد پہنچیں گے اور سنگ مرمر کے قبرستان میں بیٹھے بے حس اور بے ضمیر حکمرانوں کو جگانے کی کوشش کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے،پاکستان کی بقا ، سا لمیت اور تحفظ کشمیر کی آزادی سے وابستہ ہے اگر حکمرانوں نے غیر ت و حمیت کا مظاہرہ نہ کیا تو جماعت اسلامی قوم کو آئندہ کا لائحہ عمل دے گی ۔