کراچی(نمائندہ جسارت)دادو میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر پتھر مار کر قتل کی گئی 9 سالہ بچی گل سماء کی قبر کشائی کی گئی۔ عدالتی حکم پر 4 رکنی میڈیکل بورڈ نے سول جج جوہی کی موجودگی میں مبینہ طور پر قتل کی جانے والی کمسن بچی کی قبر کشائی کی۔ میڈیکل بورڈ کے ارکان کا لاش کے معائنے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بچی کے سرپر بھاری چیز لگنے کی چوٹ ضرور ہے لیکن سنگسار جیسے زخم نظر نہیں آئے۔بورڈ نے بتایا کہ بچی کے سر، ناک اور جبڑے پر فریکچر ہے اور پسلیاں ٹوٹی ہوئی ہیں، ڈی این اے سے یہ بھی معلوم ہوگا کہ بچی سے زیادتی ہوئی ہے یا نہیں اور یہ بچی وہی ہے یا نہیں جسے دفنایا گیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے کے بااثر سردار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی یار محمد رند کے بیٹے بیبرک رند نے سوشل میڈیا پر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جس دن لڑکی کی موت ہوئی اس دن وہ بلوچستان میں تھے۔یاد رہے کہ کچھ دن قبل دادو کی تحصیل جوہی کے علاقے واہی پاندھی میں 9 سال کی بچی کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا تھا تاہم 3 دسمبر کو واقعہ رپورٹ کیا گیا اور مبینہ قتل کا مقدمہ 5 افراد کیخلاف درج کیا گیا تھا۔لڑکی کے والد سمیت 3 افراد گرفتار اور والدہ زیرتفتیش ہے تاہم لڑکی کے والد کا کہنا ہے کہ بچی پہاڑ سے گرنے والا پتھر لگنے سے ہلاک ہوئی تھی۔
قبر کشائی