اسلام آباد ہائیکورٹ کا آصف زرداری کیلیے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم

100

اسلام آباد (آن لائن/مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سابق صدر آصف زرداری کی طبی بنیاد پر درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ عدالت نے آصف زرداری کی میڈیکل رپورٹ کے لیے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا‘ چیف جسٹس نے کہا کہ پمزاسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹربورڈکے سربراہ ہوں گے‘ عدالت نے بورڈ سے11دسمبر تک رپورٹ طلب کرلی۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آصف زرداری کے لیے کوئی میڈیکل بورڈ بنا؟۔کیا کوئی تازہ رپورٹ ہے؟ جس پر فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ آصف زرداری کو دل کا مرض لاحق ہے‘ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ بھی درخواست ضمانت کے ساتھ منسلک کی ہے۔ پارک لین اسیکنڈل میں عدالت نے فریال تالپور کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔ یاد رہے کہ سابق صدر زرداری کی قانونی ٹیم نے منگل کے روز ان کی بگڑتی صحت کے پیش نظر اسلام آباد ہائی کورٹ میں طبی بنیاد پر ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔