جسٹس گلزار احمد چیف جسٹس پاکستان مقرر، نوٹی فکیشن جاری

188

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)عدالت عظمیٰ کے سینیئر ترین جج جسٹس گلزار احمد کو چیف جسٹس آف پاکستان مقرر کردیا گیا ہے۔ جسٹس گلزار احمد کو چیف جسٹس آف پاکستان مقرر کردیا گیا ہے۔ صدرمملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 175 اور177 کے تحت اختیاراستعمال کرتے ہوئے جسٹس گلزار احمد کے تقرر کی منظوری دی۔نوٹی فکیشن کے مطابق موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی مدت ملازمت 20 دسمبرکو ختم ہو گی اور جسٹس گلزار احمد 21 دسمبر سے چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت سے ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔قانون کے مطابق نامزد چیف جسٹس گلزار احمد 2 سال ایک ماہ 12 دن چیف جسٹس آف پاکستان رہنے کے بعد یکم فروری 2022 کو عہدے سے ریٹائرڈ ہوں گے۔سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ کے مطابق نامزد چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا تعلق کراچی سے ہے۔ وہ 2 فروری 1957 کو پیدا ہوئے، انہوں نے ایس ایم لا کالج سے قانون کی ڈگری حاصل کی، 1986 سے انہوں نے بطور وکیل اپنا کیریئر شروع کیا۔جسٹس گلزار احمد 27 اگست 2002 کو سندھ ہائی کورٹ جب کہ 16 نومبر 2011 کو سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔ انہوں نے کئی اہم مقدمات کے فیصلے سنائے ہیں۔ جسٹس گلزار احمد کو کیمبرج یونیورسٹی کی 200 سالہ تاریخ میں خطاب کرنے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
جسٹس گلزار