سرگودھا ، نجی اسپتال میں مقتولہ خاتون کی نعش چھوڑ کر ملزمان فرار

150

سرگودھا(این این آئی)سرگودھا شہر کے نجی اسپتال میں مقتولہ خاتون کی نعش چھوڑ کر ملزمان فرار ہو گئے۔ مقتولہ خاتون کی شناخت ہونے پر ڈی پی او سرگودھا مقتولہ کے گھر پہنچ گئیں اور مقتول کے شوہر اور بچوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے پولیس کو فوری ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا جس پر تھانہ ساجد شہید پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر کے دیگر2 ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا۔ذرائع کے مطابق سرگودھا شہر مین روڈ سٹیلائٹ ٹاون لیگی ایم پی اے ڈاکٹر لیاقت علی خان کے والد کے نام سے قائم صادق اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں کیری ڈبہ سوار تین افراد 28 نومبر کو مقتولہ خاتون کی نعش چھوڑ کر فرار ہو گئے جس کا علم ہونے پر علم ہونے پر اس کی شناخت نگہت آصف کے نام سے ہوئی جس کی نعش پولیس کی تحویل میں دے دی گئی۔تھانہ ساجد شہید پولیس نے مقتولہ کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے سپرد کر کے مقتولہ نگہت کے شوہر محمد آصف کی مدعیت میں تین نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ قتل درج کرلیا۔ ڈی پی او سرگودھا عمارہ اطہر اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے اگلے روز مقتولہ نگہت کے گھر پہنچ گئیں اور مقتول کے شوہر آصف اور بچوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا اور پسمندگان کو یقین دلایا کہ ملزمان جلد قانون کے شکنجے میں ہوںگے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ڈی پی او عمارہ اطہر کے حکم پر تھانہ ساجد شہید پولیس کی خصوصی ٹیم نے تین ملزمان کے ایک ساتھی ملزم محلہ پراچگان خوشاب کے عمر ذوالفقار آرائیں کو گرفتار کر کے شناخت پریڈ کے لیے حوالات جوڈیشل بھجوا دیا اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا اور چھاپے مارے جا رہے ہیں۔