او آئی سی کو مردہ گھوڑا نہ کہا جائے ،ہم دوستوں کو ناراض نہیں کرسکتے ،شاہ محمود قریشی

134

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ او آئی سی کو مردہ گھوڑا نہ کہا جائے، ہم دوستوں کو ناراض نہیں کر سکتے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کہنا تھا کہ کشمیر ایشو پر یہ ایوان تقسیم ہے اور نہ ہی اس مسئلے پر ہمیں کوئی ابہام ہے، کمزوری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ مسئلہ آج سے نہیں 72 سال سے جاری ہے، بھارت کی کشمیر کی حیثیت تبدیل کیے جانے کے بعد پاکستان نے یہ مسئلہ دنیا بھر میں اٹھایا، آج کوئی بھی کشمیری بھارت کے موقف کی کوئی تائید نہیں کرتا، امریکا تک نے پاکستان کے موقف کی تائید کی۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے پر دنیا کے ایوانوں میں مباحثے ہو رہے ہیں، بھارت خوف میں مبتلا ہے، ہم نے جینوا میں بھارت کو اس قدر بے نقاب کیا کہ وہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر مسئلے پر اپوزیشن کے رہنماؤں کو دفترخارجہ مدعو کرتا ہوں۔اپنی تجاویز پیش کریں، اگر وہ قابل قبول ہوں تو ان پر مکمل عملدرآمد کروائیں گے۔