جے یو آئی نے زرداری کی رہائی کیلیے حکومت پر دباؤ ڈالنے کا فیصلہ کرلیا

122

اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیراعظم نوازشریف کی طرز پر سابق صدر آصف زرداری کی جیل سے رہائی کیلیے بھی حکومت کو دبائو میں لانے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا۔ ما ئنس ون کیلیے مولانا فضل الرحمن نے ایک بار پھر جلد اے پی سی بلانے کا عندیہ دیدیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری کی رہائی کیلیے ن لیگ کی طرز پر ایک بار پھر مولانا فضل الرحمن کا سہارا لینے کیلیے سر جوڑ لیے ہیں اور طے پایا ہے کہ آصف زرداری کی رہائی تک حکومت سے ٹکرائو جیسا ماحول پیدا کیا جائے اور بالخصوص آرمی چیف کی مدت ملازمت ایکٹ کی ترمیم میں ٹف ٹائم دیا جائے اور اس سلسلے میں دیگر جماعتوں کو بھی قائل کرنے کیلیے بہت جلد ایک پارٹی کمیٹی بنا کر ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مولانا فضل الرحمن نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا عندیہ دیا ہے اور انہیں قوی یقین ہے کہ حکومت اس پریشر سے بچنے کیلیے سابق صدر آصف زرداری کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرے گی۔ پاکستان مسلم لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام تر فیصلے پارٹی مشاورت سے کیے جاتے ہیں اور وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی فی الحال ممکن نہیں۔ سب سے پہلے اپوزیشن کے اندر ایک مشترکہ امیدوار ایسا سامنے آئے جو کہ وزیراعظم کے عہدے کیلیے موزوں ہو۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی رائے ہے کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش نہ کی جائے بلکہ ایسا پریشر دیا جائے کہ حکومت کے اندر ہی تبدیلی سامنے آئے۔