آصف زرداری، فریال تالپور کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقرر

184

اسلام آباد (نمائندہ جسارت)چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی خصوصی بینچ آج بدھ کے روز سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر فریال تالپور کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ آصف علی زرداری نے بیماری کے باعث اور ان کی ہمشیرہ ڈاکٹر فریال تالپور نے اپنی اسپیشل بچی کی دیکھ بھال کیلیے ضمانت پر رہاکرنے کی درخواستیں دائر کی ہیں۔ آصف علی زرداری کی جانب سے میگامنی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنس میں ضمانت کے لیے درخواستیں دائر کی گئیں۔سینیٹر فاروق حمید نائیک کی جانب سے ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔آصف زرداری کی ضمانت کی درخواستوں کے ساتھ اپنی میڈیکل ہسٹری اور تازہ ترین میڈیکل رپورٹس پر لگائی گئی ہیں۔ درخواست ضمانت میںکہا گیا کہ آصف زرداری کی طبیعت انتہائی ناساز ہے اس لیے انہیں جلد از جلد ضمانت پر رہا کیا جائے ۔آصف علی زرداری نے موقف اختیار کیا ہے کہ مجھے دل کی بیماری لاحق ہے اور تین اسٹنٹ بھی ڈالے جاچکے ہیں، شوگر کا مرض ہے اور شوگر لیول کنٹرول کرنے کے لیے مستقل علاج کی ضرورت ہے۔آصف زرداری نے میڈیکل رپورٹس درخواست کے ساتھ منسلک کرکے استدعا کی کہ انہیں متعدد بیماریاں لاحق ہیں، لہذا علاج کے لیے ضمانت منظور کی جائے۔فریال تالپور نے درخواست ضمانت میں کہا کہ اسپیشل بچی کی والدہ ہوں، اس کی دیکھ بھال کے لیے ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت منظور کی جائے۔ فاروق نائیک نے منگل کے روز ہی عدالت سے درخواستوں پر سماعت کی استدعا کی تھی تاہم عدالتی وقت ختم ہونے کے باعث درخواستوں پر سماعت آج ہو گی۔ دو رکنی خصوصی بینچ دن12بجے درخواستوں پر سماعت کرے گا۔