دادو میں بچی کوسنگسار کرنے کے ٹھوس شواہد نہیں ملے‘سعیدغنی

113

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ دادو کی بچی گل سما سے متعلق خبر کا علم حکومت کو میڈیا کے ذریعے ہوا ہے اور اس حوالے سے کسی نے کوئی شکایت نہیں کی تھی۔منگل کو سندھ اسمبلی کی کارروائی کے دوران انہوں نے ایوان کو بتایا کہ لڑکی کو سنگسار کرنے کے کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے ہیں۔معاملے کی پوری طرح چھان بین کی جارہی ہے اور جو ممکن ہوا کریں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ گل سما کی قبرکشائی اور پوسٹ مارٹم کی کارروائی ہوگی۔انہوں نے ایوان کو بتایا کہ کراچی میں ڈیفنس کے علاقے سے اغوا کی جانے والی دعامنگی کے والد نثارمنگی سے رابطہ ہوا ہے۔پولیس کو کچھ شواہد بھی ملے ہیں جن کی روشنی میں تحقیقات آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ تشویش ناک ہے ۔اگروفاقی حکومت کی مدد کی ضرورت پڑی تو ضرور لیں گے۔ بعدازاںسندھ اسمبلی کا اجلاس بدھ تک ملتوی کردیا گیا۔واضح رہے کہ منگل کوپرائیویٹ ممبرز ڈے کے باوجود ایوان آدھے سے زیادہ خالی رہا جس پر اسپیکر نے ارکان کو متنبہ کیا کہ اگر اائندہ بھی یہی حال رہا تو میں اجلاس ملتوی کردونگا۔