ایک کروڑ نوکریاں دینے والے 25 لاکھ نوکریاں چھین چکے،مریم اورنگزیب

107

لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کے لیے عوام کا پیغام ہے کہ اب وہ گھبرانا شروع کردیں۔ ان کی نالائقی سے معیشت کو 26 ارب ڈالرز کا نقصان ہوچکا ہے۔ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں طنز کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میٹرو بننی تھی لیکن نہیں بنی جب کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے میٹرو، اورنج ٹرین ، بجلی کے منصوبے اور موٹر وے بننے تھے بن گئے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ٹیکس وصولیوں میں ریکارڈ162 ارب کا خسارہ ہونہیں رہا بلکہ ہوچکا ہے، دکانیں، فیکٹریاں اور صنعتیں بند ہوچکی ہیں اور مزدور، کسان، دکاندار بیروزگار ہوچکے ہیں جب کہ پشاور میں ایک ارب درخت لگنے تھے وہ بھی نہیں لگے۔ن لیگ کی رہنما کا کہناتھا کہ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں نہیں ملیں لیکن 25 لاکھ نوکریاں َچھن چکی ہیں، 50 لاکھ نئے گھر دینے تھے ، لاکھوں گھر عوام سے چِھن چکے ہیں جب کہ گیس200 اور بجلی 100 فیصد مہنگی ہوچکی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان آئی ایم ایف جاچکے ہیں جب کہ ایک سال میں تاریخی 11 ہزار ارب روپے قرضہ لے چکے ہیں ۔ آلو ، پیاز ٹماٹر ، دالیں ، روٹی ، آٹا اور پھل بھی مہنگے ہوچکے ہیں۔
مریم اورنگزیب