موجودہ حکومت میں مافیا کا مافیا سے مقابلہ ہے ، سراج الحق

298
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق جے آئی یوتھ لیڈرشپ سے خطاب کر رہے ہیں‘ زبیر گوندل اور قیصر شریف بھی موجود ہیں

 

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ اور سابق حکمرانوں کو لانے والے ایک ہی ہیں مگر اس بار وہ سب سے زیادہ پریشان ہیں،موجودہ حکومت میں مافیا سے مافیا کا مقابلہ ہے،عوام پر 70سال سے مافیاز مسلط ہیں، ملک پر مسلط ٹولے کو زمینی
حقائق کاکوئی پتا نہیں یہ خلائی مخلوق ہے ، اس حکومت کے ہوتے ہوئے پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، سیاسی مسافر خانے میں وہ لوگ جمع کیے گئے ہیں جو ایک کاغذ بھی عدالت عظمیٰ کے حکم کے مطابق نہیں لکھ سکتے،موجودہ حکومت نے کشمیر کو جو نقصان پہنچایا ہے ماضی میں کسی حکومت نے نہیں پہنچایا ہے،افسروں کی اکھاڑ پچھاڑ سے کچھ نہیں بدلے گا لوگ اوپر بیٹھے ہوئے نااہل لوگوں کی تبدیلی چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جے آئی یوتھ جنوبی پنجاب کے لیڈرز کنونشن سے خطاب اور بعدا زاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف اور جے آئی یوتھ کے صدر زبیر احمد گوندل اور صوبائی صدر رضا احمد قادری بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس تبدیلی کاکوئی ایجنڈا نہیں ۔یہ ٹولہ اپنی ذات کے عشق میں مبتلا ہے ۔ اپنی ناک سے آگے دیکھنے کی صلاحیت سے محروم لوگ کبھی کوئی پائیدار تبدیلی نہیں لاسکتے ۔ موجودہ حکومت کی کابینہ میں بھی وہی لوگ ہیں جوپرویز مشرف کابینہ میں تھے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پنجاب میں پولیس افسران اور بیوروکریسی کو تبدیل کردیا مگرعوام حکمرانوں کی تبدیلی چاہتے ہیں ۔یہ لوگ تبدیلی میں تبدیلی سے لوگوں کو دھوکا دیناچاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 15 مہینوں میں 115 سے زیادہ یو ٹرن لیے ہیں۔بھارت نے نقشے میں مظفر آباد اورگلگت بلتستان کو بھارتی ریاست ظاہر کیالیکن ہماری حکومت کچھ نہیں کرسکی،یہ کنفیوژلوگ ہیں،کبھی کہتے ہیں 55 روپے فی کلومیٹر ہیلی کاپٹر کا کرایہ ہے کبھی کہتے ہیں 17 روپے کلوٹماٹر اور 5 روپے کلو مٹرہیں۔ حکومت نے پیٹرول کی قیمت 114 روپے تک پہنچادی ہے۔ حکومت نے 25 پیسے پیٹرول کی قیمت کم کرکے حاتم طائی کی قبر کو لات ماری ہے۔حکومت عوام کو دھوکا دے کرظلم کررہی ہے۔ سینیٹر سرا ج الحق نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ وسائل سے نواز ا ہے۔ موسم بہترین ہے میٹھاپانی ا ورزمین زرخیز ہے مگردن رات خون پسینہ ایک کرنے کے باوجود بھی ہمارا کسان بھوکا سوتا ہے۔ حکومت نے نوجوانوں کو روزگاردینے کا وعدہ کرکے لاکھوں لوگوں سے روز گار چھین لیا ہے ۔ حکومت کے وزرانے بھی اعتراف کیا ہے کہ20 لاکھ نوجوان بے روزگار ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ جب تک ملک پر جاگیر دار، وڈیرے اور سرمایہ دار قابض ہیں عام آدمی سکھ کی سانس نہیں لے سکتا۔نوجوان اسلامی انقلاب کے لیے تیار ہو جائیں جاگیر داروں کے شہزادوں سے مسائل حل نہیں کریں گے۔ حکومت کوووٹ اور سپورٹ دینے والے شرمندہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران کہتے ہیں ہم امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کرارہے ہیں مگرٹرمپ نے افغانستان میں کہاکہ ہم نے کب کہا کہ طالبان سے ہماری صلح کرائی جائے۔ سعودی عرب اور ایران نے بھی طعنہ دیا کہ ہم نے پاکستان کو نہیں کہاکہ ثالثی کا کردار ادا کریں ۔حکمران قومی وقار اور ملکی عزت کو پوری دنیا میں نیلام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 22 دسمبر کو اسلام آباد میں کشمیر مارچ ہوگاجس میں جنوبی پنجاب سمیت پورے ملک سے لاکھوں لوگ شریک ہوںگے اوربے حمیت حکمرانوں کو جگانے کی کوشش کریں گے ۔