مساجد ایکٹ کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل کیا جائے، وزیراعلیٰ گلگت

103

غذر (اے پی پی) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیخلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے، مساجد بورڈ ایکٹ کے تحت بنائے گئے ضابطہ اخلاق پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کیلیے اقدامات کیے جائیں۔ ان خیالات کا انہوں نے امن و امان اور مساجد ایکٹ پر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی سیکرٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ افسران کو مساجد ایکٹ
کے تحت بنائے گئے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلیے اقدامات کرنے کے احکامات دیے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ الیکشن قریب آتے ہی سازشی عناصر امن خراب کرنے کیلیے پھر سے سرگرم ہوسکتے ہیں۔ سوشل میڈیا کی بھی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے۔ نفرت انگیز اور شر انگیز مواد پھیلانے والوں کیخلاف بروقت سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے گلگت بلتستان میں امن قائم ہوا ہے۔ کسی کو بھی امن اور بھائی چارگی کی اس فضا کو خراب کرنے نہیں دیا جائے گا۔ ہم نے وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جس کی وجہ سے تمام اضلاع میں اربوں روپے کے منصوبے مکمل ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ گلگت