حکومت اپوزیشن کومشتعل کر نا چاہتی ہے، فوج پی ٹی آ ئی کی نہیں قوم کی ہے، احسن اقبال

101

لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکز ی رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کومشتعل کر نا چاہتی ہے، فوج پی ٹی آ ئی کی نہیں قوم کی ہے۔ہفتے کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کومشتعل کر کے چاہتی ہے کہ آرمی چیف کے معاملے پر6ماہ میں قانون سازی نہ ہو۔ان کا کہنا تھا کہ سب کو پتاہے کہ عدالت عظمیٰ نے6 ماہ میں قانون سازی کرنے کا کہا ہے ، قانون سازی کے لیے اپوزیشن کا تعاون درکار ہے، عمران خان نے پہلے ہی دن اپوزیشن کوغیرمحب وطن ، چور،ڈاکوقراردیا،وزراء نے بھی اپوزیشن کی کردار کشی شروع کردی، وزراء اس طرح کے بیانات سے قوم میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کرر ہے ہیں ، لگتا ہے حکومت کی اندرسے نیت کچھ اورہے، ایسے بیانات سے ان کی نیت پربھی شبہ ہونا شروع ہو جاتا ہے،ہمیں لگتا ہے کہ یہ چاہتے ہیں قانون سازی نہ ہو، معیشت کے حوالے سے عمران خان کا بیان سنا ہے،وزیراعظم کی کارکردگی پر شاباش نہیں سرزنش بنتی ہے، اپنی نااہلیوں، بربادی کو چھپانے کے لیے فوج اور آرمی چیف کے پیچھے چھپنے کی کوشش نہ کریں، پاک فوج کا ادارہ تحریک انصاف کا نہیں بلکہ قوم کا ادارہ ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج سب سے زیادہ کرپشن ہو رہی ہے، ہر سطح پر کرپشن کی مقدار میں بے حد اضافہ ہو چکا ہے ، دوسروں کی پگڑیاں اچھالی جا رہی ہیں، یہ لوگ کہتے تھے کہ ہم90 روز میں کرپشن ختم کر دیںگے، کہاں گیا یہ وعدہ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے پرکسی کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہوا، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لیا جائے، بجلی کی قیمت میں اضافے سے بجلی چوری میں اضافہ ہوگا،اندھوں کی طرح معیشت کو کریش کر دیا ہے،روپیہ تیزی سے نیچے گرا، حکومت کو ہاتھ پکڑ کر چلایا جا رہا ہے، آرمی چیف کے تقرر کے مسئلے کو جس طرح ہینڈل کیا گیا جگ ہنسائی ہوئی، حکومت کوسمجھ نہیں آرہا ملک کیسے چلانا ہے۔