حکمرانوں میں افہام وتفہیم سے قدم آگے بڑھانے کی صلاحیت نہیں،سراج الحق

104
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق منصورہ میں امرائے اضلاع کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

لاہور( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ موجودہ حکمرانوں کے رویے نے سب کو مایوس کیاہے، ان کی پالیسیوں سے نہیں لگتا کہ یہ افہام و تفہیم سے کوئی قدم آگے بڑھا سکیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ قانون سازی کا عمل بہت سنجیدہ معاملہ ہے اور موجودہ حکمرانوں سے بڑھ کر شاید ہی کوئی غیر سنجیدہ ہو، حکومت آرمی چیف کی مدت ملازمت اور توسیع کے حوالے سے کوئی رولز بنانے کی اہلیت رکھتی ہے، یہ کہنا قبل از وقت ہے، حکومت نے اپنی نالائقی کی وجہ سے اپنے محسن ادارے کو بھی بدنام کیا، ہر گزرتا دن حکومت کی ناکامی ثابت کر رہا ہے، مہنگائی کی یہی صورتحال رہی تو عام آدمی کیلیے زندہ رہنامشکل ہوجائے گا، ٹماٹر 400 روپے کلو بھی ہو جائیں تو وزرا اور امرا کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، اصل مسئلہ تو عام آدمی کا ہے ۔ سینیٹر  سراج الحق نے کہاکہ حکومت غل غپاڑے ، اسموگ اور فوگ میں زیادہ خوش رہتی ہے تاکہ اس کی ناکامیاں لوگوں سے چھپی رہیں ۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے سابق حکومتوں اور مشرف کی پالیسیوں کو ہی آگے بڑھایا ہے ۔ بے تحاشا قرضے لیے اور طبقاتی تقسیم کو مزید گہرا کیا ۔ اسٹیٹس کو توڑنے اور عام آدمی کو تحفظ دینے کے حکومتی دعوے ہوا میں تحلیل ہو گئے ہیں ۔ حکمران خود اسٹیٹس کو کے محافظ بنے ہوئے ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت فیصلے پہلے کرتی اور سوچتی بعدمیں ہے ۔ ساری دنیا میں بجٹ سال میں ایک بار آتاہے اور ہمارے ہاں 365 دنوں میں 365 بجٹ آتے ہیں، ہر دن کا اپنا ایک بجٹ ہوتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ مہنگائی نے غریب کی زندگی اجیرن کر دی ہے، غریب کو اب دال سبزی بھی میسر نہیں، لوگ کھانے کے ایک ایک نوالے کو ترس رہے ہیں اور حکمران ہر دن کا آغاز نئے دعوئوں اور نعروں کے ساتھ کرتے ہیں ۔ علاوہ ازیں سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں وفاقی شرعی عدالت کے قائم مقام چیف جسٹس ڈاکٹر علامہ فدا محمد خان کی نماز جنازہ پڑھائی۔ چیف جسٹس فدا محمد خان گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے، نماز جنازہ میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جسٹس فدا محمد خان نے اپنی پوری زندگی ملک میں شریعت کی حکمرانی کے لیے کوشش کی ۔سینیٹر سراج الحق نے جسٹس فدا محمد کی ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
سراج الحق