نوابشاہ ، فصلوں پر ٹڈی دل کا حملہ ،کسانوں کا فوج سے مدد لینے کا مطالبہ

341

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) بے نظیر آباد کی لاکھوں ایکڑ اراضی پر ٹڈی دل نے کسانوں کا جینا حرام کردیا، صوبائی وزیر زراعت کے دعووں سے آگے نہ بڑھ سکے۔کسانوں نے ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے فوج کی مدد حاصل کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ڈسٹرکٹ بے نظیر آباد کی تازہ ترین صورتحال یہ ہے کہ ٹڈی دل کا تازہ حملہ ہوا ہے، آج پھر نئے جھنڈ کسانوں کی مشکلیں بڑھانے پہنچ گئے۔ کسان اپنے کھیتوں کو بچانے کے لیے بھرپور کوشش کرتے رہے۔ حکومت بے فکر ہے جبکہ کسان پریشان ہیں۔ ٹڈی دل بھاگنے کے بجائے اونچے درختوں کی چوٹیوں پر بیٹھ جاتی ہے۔ کسان سرکاری اقدامات کے منتظر ہیں، جبکہ حکومت بے خبر، جبکہ کسان بے حال ہیں۔ ٹڈی دل کے حملے کے باعث کاشتکاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوج اس آفت سے نمٹنے کے لیے میدان میں آئے، ٹڈی دل نے سندھ کے کسانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ جہاز اسپرے کے لیے آتا ہے لیکن ایک ٹینک خالی کرکے سیلفیاں بناکر چلا جاتا ہے۔ اس سے قبل صوبائی وزیر زراعت نے ہیلی کاپٹر سے اسپرے کروانے کا اعلان کیا تھا جو اعلان سے آگے نہیں بڑھ سکا۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے محکمہ زراعت کے افسران اور وفاقی ادارے پلانٹ پروٹیکشن کے افسران کو سختی کے ساتھ ہدایت کی تھی جو خود سوالیہ نشان اختیار کرگئی ہے۔ صوبہ سندھ میں ٹڈی دل نے تباہی مچا دی ہے، جس کے خاتمے کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتوں کو استعمال میں لاکر ٹڈی دل کا خاتمہ کیا جائے۔ اس ضمن میں سندھ کے ہر اضلاع میں ایئر کرافٹ اور گاڑیوں کے ذریعے اسپرے کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ ٹڈی دل کا خاتمہ ہوسکے۔