ترک وزیر نے فرانسیسی صدر پر دہشت گردوں کی معاونت کا الزام عائد کردیا

322

استنبول: ترک وزیر خارجہ میولت چووشولو نے فرانسیسی صدر پر ایمانوئل میکرون پر دہشت گردوں کی معاونت کا الزام عائد کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق فرانسیسی صدر نے گزشتہ ماہ پیرس میں ایس ڈی ایف کی ترجمان سے مذاکرات کیے تھے جس پر ترکی نے ناراضی کا اظہار کیا تھا کیونکہ ترکی ایس ڈی ایف کو کردش ملیشیا وائے پی جی کا حصہ سمجھتا ہے اور اسے دہشت گرد تنظیم قرار دیتا ہے۔

ترک وزیر خارجہ میولت چووشولو کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فرانسیسی صدر پہلے ہی دہشت گرد تنظیم کو اسپانسر کر رہے ہیں اور مستقل بنیادوں پر ان کی میزبانی کر رہے ہیں، اگر وہ دہشت گردوں کو اپنا اتحادی مانتے ہیں تو پھر میں اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔

ترک وزیر خارجہ نے پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی یورپ میں ایک خلا ہے اور فرانسیسی صدر یورپ کے لیڈر بننا چاہتے ہیں لیکن لیڈر ہمیشہ قدرتی طور پر بنتے ہیں۔

 دوسری جانب نیٹو سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کا کہنا تھا کہ شمال مشرقی شام میں آپریشن کے بعد ترکی نیٹو سے یکجہتی کی توقع نہیں رکھ سکتا۔

خیال رہے کہ ترکی اور فرانس کے تعلقات گزشتہ کئی ماہ سے کشیدگی کا شکار ہیں اور فرانسیسی صدر کی ایس ڈی ایف ترجمان سے ملاقات پر ترک وزیر خارجہ کے ردعمل نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید خراب کردیا ہے۔