اسلام آباد( نمائندہ جسارت) اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری سے متعلق کیس میں کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ ماننے کے پابند نہیں ہیں۔ خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت جسٹس وقار سیٹھ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔دوران سماعت جسٹس نذر اکبر نے ریمارکس دیے کہ ہم عدالت عظمیٰ کے احکامات ماننے کے پابند ہیں۔ سربراہ خصوصی عدالت جسٹس وقار سیٹھ نے ریمارکس دیے کہ ہائی کورٹ کے احکامات پر تبصرہ نہیں کریں گے لیکن 5 دسمبر تک موقع دے رہے ہیں، پرویز مشرف اپنا بیان کسی بھی دن ریکارڈ کرا
لیں، اس کے بعد التوانہیں دیں گے ۔خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر کو دلائل دینے سے روک دیا اور کہا کہ آپ صرف سرکاری وکیل کی معاونت کرسکتے ہیں۔جسٹس وقار سیٹھ نے کہا کہ 5 دسمبر کے بعد روزانہ کی بنیاد پر سماعت کریں گے، مرکزی کیس کے ساتھ تمام درخواستیں 5 دسمبر سے روزانہ کی بنیاد پر سنیں گے۔