آصف زرداری کے ذاتی معالجوں کو میڈیکل بورڈ میں شامل کیا جائے ، سعید غنی

89

 

کراچی(نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ حکومت سے ریلیف لینے کی کوئی ضرورت نہیں۔ آصف زرداری کی صحت سے متعلق قانونی حق مانگ رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے سابق صدر آصف علی زرداری کے علاج کے لیے قائم میڈیکل بورڈ میں آصف زرداری کے ذاتی ڈاکٹرز کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنا قانونی حق مانگ رہے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا ہے کہ حکومت سے منت نہیں کریں گے اور اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہیں گے۔وزیرریلوے شیخ رشید کے بیان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کی باتوں کو اہمیت ہی کیوں دی جاتی ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم جمعیت علمائے اسلام(ف) کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔واضح
رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں زیر حراست ہیں اور ان کے خلاف احتساب عدالت راولپنڈی میں مقدمہ چل رہا ہے جب کہ انہیں علالت کے باعث اسلام آباد کے پمز اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں وہ گذشتہ ایک ماہ سے زیر علاج ہیں۔اس حوالے سے پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ اگر ایک جرم کراچی میں ہوا ہے تو اس کا ٹرائل بھی کراچی میں ہی ہونا چاہیے اس لیے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کراچی میں منتقل کیا جائے۔اس حوالے سے سپریم کورٹ میں درخواست بھی زیر سماعت ہے جب کہ احتساب عدالت جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی علاج کے لیے کراچی منتقلی کی درخواست مسترد کرچکی ہے۔
سعید غنی