پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تعلقات کو وسعت دینا ہو گی،اسد قیصر

223

اسلام آباد(اے پی پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں بیلا روس کے نائب وزیرخارجہ نے ملاقات کی،جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نائب وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،پاکستان بیلاروس کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی تعاون کو فروغ دنے کا خواہش مند ہے،دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات کو
مزید وسعت دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس کی پارلیمان کے ساتھ رابطوں کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں،دونوں ممالک کے ارکان پارلیمان میں رابطے دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،پارلیمانی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے فرینڈ شپ گروپ تشکیل دیا گیا۔ اسد قیصر نے کہاکہ پاک بیلاروس فرینڈ شپ گروپ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے فعال کردار ادا کر رہاہے، دونوں ممالک میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے متعدد معاہدے طے پا چکے ہیں،دونوں ممالک کی سیاسی قیادت اور تجارتی برادری کے درمیان رابطوں سے تعلقات مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ خطے کی معاشی ترقی و خوشحالی میں سنگ میل ثابت ہو گا، سی پیک منصوبے سے خطے کے ممالک کے مابین تجارت میں اضافہ ہو گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوںگے،پاکستان سی پیک منصوبے کی جلد تکمیل چاہتا ہے،منصوبے کو خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ توسیع دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ زراعت ، صنعت ، ٹیکسٹائل ،تجارت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے، دونوں ممالک کے مابین طے پانے والے معاہدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔
اسد قیصر