سکھر، پولیس کا ڈاکوؤں سے مقابلہ، ارشاد شر زخمی حالت میں گرفتار

146

سکھر (نمائندہ جسارت) تھانہ سائٹ کی حدود لیبر کالونی کے قریب پولیس پارٹی کا دوران گشت ڈاکوؤں سے مقابلے میںمتعدد مقدمات میں مطلوب ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق گشت پر مامور پولیس پارٹی کا سائٹ ایریا کی حدود لیبر کالونی کے قریب واردارت کے ارادے سے کھڑے ڈاکوؤں سے پولیس مقابلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو ارشاد شر زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جو موٹر سائیکل چوری ڈکیتی پولیس مقابلوں سمیت دیگر سنگین جرائم میں سکھر پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔ ملزم کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکل، ٹی ٹی پستول برآمد کیا گیا ہے، دو ساتھی ڈاکو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ ایس ایس پی سکھر کے مطابق گرفتار زخمی ڈاکو کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دیگر فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے، گرفتار ملزم کا کرمنل ریکارڈ دیگر اضلاع سے بھی معلوم کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب شکارپور کے علاقے گڑھی یاسین کے مکین شر برادری سے تعلق رکھنے والے مر د و خواتین کی بڑی تعداد نے معصوم بچوں کے ہمراہ سکھر پریس کلب کے سامنے سکھر پولیس کی مبینہ زیادتی کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے پولیس کیخلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرے میں شامل ساجدہ شر، غلام مرتضیٰ شر، میندرو، علی حسن و دیگر نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ ایک روز قبل سکھر آباد پولیس نے سکھر سینٹرل جیل میں قید اپنے عزیز اقبال سے ملاقات کے لیے آنے والے ارشاد احمد شر اور مسمات شہناز کو بلاجواز گرفتار کیا اور شہناز کو کچھ دیر رکھنے کے بعد چھوڑ کر ارشاد کو سائٹ ایریا پولیس کے حوالے کیا، جس نے گزشتہ رات ارشاد احمد کو جھوٹے مقدمات میں نامزد کرکے مقابلہ دکھایا اور اسے ہاف فرائی کردیا ہے جو سراسر ظلم و زیادتی ہے۔ مظاہرین نے بالا حکام سمیت آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی، ایس ایس پی سکھر و دیگر سے نوٹس لے کر ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی اور بے گناہ شخص کو رہا کرکے انصاف و تحفظ فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔