پروفیشنل اسکواش فیڈریشن نے پاکستان میں انٹرنیشنل میچز پر سیکورٹی فیس ختم کردی

114

اسلام آباد (اے پی پی ) پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے کہا ہے کہ پروفیشنل ا سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) نے پاکستان میں شیڈول2 انٹرنیشنل میچز میں سکیورٹی فیس ختم کر دی۔ پشاور میں حال ہی میں قومی کھیل کے کامیاب انعقاد کے بعد آئندہ سال پشاور میں بین الاقوامی ا سکواش کے مقابلے بحال ہو جائیں گے۔ خیبر پختونخوا میں 50 سے زائد ا سکواش کورٹس بن رہے ہیں جس پر کام جاری ہے۔ پیر سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر وائس ایئر مارشل عامر مسعود ورلڈ ا سکواش فیڈریشن کے اجلاس میں جنوبی افریقا گئے تھے اور وہاں پر پی ایس اے کے حکام سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کے دوران پی ایس اے کے حکام نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان میں آنے والے 2 عالمی مقابلوں میں سکیورٹی کی فیس ختم کر دی ہے تاہم دیگر پی ایس اے کے ایونٹس کے حوالے سے سکیورٹی کی مد میں فی میچ سکیورٹی فیس کے مکمل خاتمے کے حوالے سے تبادلہ خیال بعد میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پشاور میں قومی کھیل کے کامیابی سے انعقاد کے بعد پشاور میں10 سال بعد بین الاقوامی اسکواش کے مقابلے بحال ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت بالخصوص وزیر کھیل عاطف خان کھیلوں سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ ان کی کوششوں کی وجہ سے آئند2 سال میں خیبر پختونخوا میں یونیورسٹیوں، اسکولوں اور کالجوں میں 50 اسکواش کورٹ بن رہے ہیں جس پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر ایئر چیف مارشل کی کاوشوں کی وجہ سے ملک میں ا سکواش کے فروغ اور بہتری کے لئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔