ڈیرہ اسماعیل خان، مسافر بس اور ٹرالر میں تصادم، 8 افراد جاں بحق

222

ڈیرہ اسماعیل خان/ اسلام آباد (صباح نیوز) ڈیرہ سے تقریباً 50 کلو میٹر دور انڈس ہائی وے پر علاقہ رمک میں ٹریفک حادثے میں 8 افراد جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے۔ فوری طور پر اہل علاقہ مدد کیلیے پہنچے بعد ازاں متعلقہ اداروں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں، وزیر اعظم عمران خان نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور ان کیلیے صبر کی دعا کی اور حکومت کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انڈس ہائی وے پر تحصیل پروا کی حدود میں میرن کے قریب کہیری ڈرین کے قریب مسافر بس اور ٹرالر کے درمیان تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 8 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جواد خلیل کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی گاڑیاں موقع پر روانہ کردی گئیں اور جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اموات میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔