سنگین غداری کیس میں پرویز مشرف سے متعلق فیصلہ ہماری عدالت کا امتحان ہے،بلاول بھٹو

331

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سنگین غداری کیس میں پرویز مشرف سے متعلق فیصلہ ہماری عدالت کا امتحان ہے،سننے میں آرہا ہے کہ عمران خان کی حکومت اس کو بچانا چاہتی ہے،ہم پرامید ہیں ،جو ماضی کی غلطیاں ہوئی ہیں اب نہیں ہوں گی۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پمزاسپتال  میں اپنے والد آصف علی زرداری سے ملاقات کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر سے ملاقات ہوئی ، ان سے خیریت معلوم کرنے کا موقع ملا، ان کی طبیعت ناساز ہے اور ان کی صحت حکومت وسرکاری ڈاکٹرزکے ہاتھوں میں ہے مگر تمام تر سازشوں کے باوجود آصف زرداری کا حوصلہ بلند ہے، آصف زرداری کا کہنا ہے کہ جو کرنا ہے کرلو اپنے نظریے سے نہیں ہٹیں گے، نہ بھاگیں گے نہ جھکیں گے، اصولوں پر قائم رہیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب سے عمران خان حکومت میں آیا ہے اورپیسا دو چلے جاؤ کی بات کرتا ہے، یہ سارے کیسز جھوٹے ہیں، سابق صدر زرداری کی پٹیشن التوا میں ہے،امید ہے انصاف ملےگااور جن پر الزام ثابت نہیں ہےان کو ضمانت ملنی چاہیے، زرداری صاحب درخواست ضمانت دائر نہیں کررہے۔

انہوں نے کہا کہ سازشوں کے باوجود آصف علی زرداری کا حوصلہ بلند ہے ،وہ اپنے نظریے اور موقف پر قائم ہیں،ملک پورا عدالتوں کی طرف دیکھ رہا ہے کہ اعلیٰ عدالت کی طرف سے پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت کےلئے کس قسم کے فیصلے آئیں گے،ہم پرامید ہیں ،جو ماضی کی غلطیاں ہوئی ہیں اب نہیں ہوں گی،عدالتوں کی طرف سے اچھے فیصلے آئیں گے ،جس سے پیغام جائے گا کہ پاکستانی چاہے کسی بھی صوبے سے ہی کیوں نہ ہوں قانون سب کےلئے برابر ہے ،یہی جناح کا پاکستان ہے۔

چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عدالت میں غدار آمر کا کیس چل رہا ہے ،سننے میں آرہا ہے کہ عمران خان کی حکومت اس کو بچانا چاہتی ہے ،یہ ہماری عدالت کا امتحان ہے ، جب تک تمام ادارے عوام کی خواہشوں کے مطابق نہیں چلیں گے ہم حقیقی جمہوریت کی طرف نہیں لوٹیں گے تب تک ہم موجودہ حکومت کے معاشی سونامی سے عوام کو نہیں بچا سکیں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تین ماہ کے بعد انتخابات کی ڈیڈلائن کا مولانا فضل الرحمان کو ہی پتہ ہو گا،مجھے اس کا کوئی علم نہیں ہے۔