حکومت نے مشرف غداری کیس کا فیصلہ رکوانے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

452

وفاقی حکومت نے سابق صدرو آرمی چیف پرویزمشرف غداری کیس کا فیصلہ رکوانے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیاہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نےپرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کا فیصلہ روکنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے، وزارت داخلہ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پرویز مشرف کو صفائی کا موقع ملنے تک خصوصی عدالت کو کارروائی سے روکا جائے اور خصوصی عدالت کا غداری کیس کا فیصلہ محفوظ کرنے کا حکم نامہ معطل کیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ نئی پراسیکیوشن ٹیم تعینات کرنے تک خصوصی عدالت کو کارروائی سے روکا جائے۔

واضح رہے کہ خصوصی عدالت نےسابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ 28 نومبر کو سنایا جانا ہے۔