تقریر سے پہلے عمران خان کا دماغی معائنہ کرایا جائے، مریم اورنگزیب

835

لاہور (آئی این پی) ترجمان مسلم لیگ(ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کسی بھی ٹوئٹ اور تقریر سے پہلے عمران خان کا دماغی معائنہ لازمی قرار دیا جائے، حکومت کا کوئی وژن اور سمت نہیں، جھوٹ پہ ملک چلایا جارہا ہے، جھوٹے معاشی اعشاریے اور اعداد و شمار پیش کر کے عمران خان عوام کو اپنی طرح پاگل سمجھتے ہیں، اصل معاشی اعشاریے عوام کی دہائیاں، چیخیں اور جھولیاں اٹھا اٹھاکر دی جانے والی بد دعائیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹے ٹوئٹ اور خطاب 22 کروڑ عوام کے ملک کے ساتھ اس سے سنگین مذاق نہیں ہوسکتا، حکومت کی بے عملی اور نالائقی کی وجہ سے ملک میں سماجی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے اور غربت، مہنگائی اور لاقانونیت سے سماجی سطح پر ملک مفلوج ہو رہا ہے۔ نالائق وزیراعظم اورکرائے کے ترجمانوں کا واحد مسئلہ اور توجہ صرف نواز مشریف اور شہباز شریف ہیں، اصل معاشی اعشاریے یہ ہیں کہ 15 روپے کی روٹی اور 20 روپے کا نان ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان ذہنی عدم استحکام کا شکار ہیں، ان کی حکومت کا کوئی وژن اور سمت نہیں، جھوٹ پہ ملک چلایا جارہا ہے، اسٹیٹ بینک کے مطابق 2020ء میں بھی 14 فیصد مہنگائی برقرار رہے گی، 2020ء میں بھی ترقی کی شرح 2 سے ڈھائی فیصد رہے گی، سچ یہ ہے کہ نالائق حکومت نے ایک سال میں تاریخی 11 ہزار ارب کا قرض لیا، سچ یہ ہے کہ ایک سال میں گیس 200 فیصد اور بجلی 100 فیصد سے زائد مہنگی کی گئی۔