آصف زرداری جیلوں سے ڈر کر بھاگنے والے نہیں، جمیل الزماں

142

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) درگاہ مخدوم نوح سرورؒ کے 18 ویں سجادہ نشین اور پیپلز پارٹی رہنما مخدوم محمد امین فہیم کی چوتھی برسی کی تقریبات ہالا میں منعقد ہوئیں۔ سروری جماعت کے روحانی پیشوا ایم این اے مخدوم جمیل الزمان نے مزار پر چادر چڑھا کر سروری جماعت کے مریدوں اور عقیدت مندوں کے ہمراہ دعا کی۔ درگاہ سرور نوحؒ پر قرآن خانی، خیرات فی سبیل اللہ اور دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پرمخدوم سعیدالزمان، مخدوم احمد الزمان، وڈیرو محمد خان جونیجو، ڈاڈو ہاشم سموں، حاجی مصری کاکا، ممتاز شاہ سمیت سیاسی، سماجی شخصیات موجود تھیں۔ بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم جمیل الزمان کا کہنا تھاکہ جو عوام کی خدمت کرتا ہے اس پر میلے لگے ہوتے ہیں، جو خدمت نہیں کرتا اسے لوگ بھلادیتے ہیں۔ آج کے دن وعدہ کرتے ہیں کے اپنے وطن اور لوگوں کی اپنے والد کی طرح خدمت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سروری جماعت کے سربراہ کی حیثیت سے میں ملک کی طاقتور قوتوں اور اداروں سے کہتا ہوں کہ وہ آصف زرداری کی طبیعت کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کو علاج کی اجازت دیں۔ آصف زرداری جیلوں سے ڈر کر بھاگنے والے نہیں، حکومت پاکستان آصف زرداری کو علاج کا مکمل موقع فراہم کرے۔