شیخ رشید کو دل کا عارضہ،حالت خطرے سے باہر،آرام کا مشورہ

142

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو دل کا عارضہ لاحق ہو گیا ،راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سینئر ڈاکٹروں نے ان کی انجیو گرافی کر دی ،سینے میں شدید درد کی وجہ سے انہیں آر آئی سی لایا گیا تھاجہاں پر ابتدائی ٹیسٹ رپورٹس کی روشنی میں ڈاکٹروں نے انجیو گرافی تجویز کی تاہم شیخ رشید احمد کی حالت خطرے سے باہر ہے، ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق مزید 24گھنٹے شیخ رشید احمد اسپتال میں رہیں گے ۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری انسداد منشیات شیخ راشد شفیق نے اے پی پی کو بتایا کہ شیخ رشید احمد پیر کی صبح گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین وقار النساء گرلز کالج میں تقریب سے خطاب کے بعد لال حویلی گئے جہاں انھیں اچانک سینے میں درد محسوس ہوا جس کے بعد انہیں ہولی فیملی اسپتال لیجایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے ان کے ٹیسٹ کیے جس کے بعد انہیں راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لایا گیا ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی جنرل ریٹائرڈ اظہر کیانی نے اے پی پی کوبتایا کہ شیخ رشید احمد کی انجیوگرافی کر دی گئی ہے ، ان کی طبیعت بہتر ہے، دل کی ایک شریان میں کلاٹ ہے جو ادویات سے ٹھیک ہو جائے گی، اسٹنٹ ڈالنے کی ضرورت نہیں ہے۔