زرداری کے ساتھ انتقامی سلوک کیا جارہا ہے‘شیری رحمان

101

اسلام آباد‘لاہور(صباح نیوز‘اے پی پی)پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے ساتھ انتقامی سلوک کیا جارہا ہے۔پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صحت سے متعلق شیری رحمان نے حکومت سے سوال کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کی میڈیکل رپورٹس ان کے خاندان کو کیوں نہیں دی جا رہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آصف علی زرداری کے ذاتی معالج کی رسائی کا مطالبہ مسلسل نظر انداز کر رہی ہے، حکومت جان بوجھ کر آصف علی زرداری کو تکلیف دے رہی ہے۔سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پمز میڈیکل بورڈ نے آصف علی زرداری کاطبی معائنہ مکمل کیا ہے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پمزمیڈیکل بورڈ کے مشاورتی اجلاس میں آصف علی زرداری کے ذاتی معالج کو بھی شامل کیا جائے۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر نواز شریف کا کیس لاہور پنجاب میں سنا گیا ہے تو آصف زرداری کا کیس کراچی میں سنا جائے، نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پرلاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ درست ہے ۔اعتزاز احسن نے کہا کہ میاں نواز شریف کے بیٹے ،سمدھی اور بھتیجا بھی مفرورہیں،اب میاں صاحب خود بھی جا رہے ہیں اور مریم کو اکیلے چھوڑ کر جا رہے ہیں،ہائیکورٹ نے تکنیکی بنیادپر درست فیصلہ کیا ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے ضمانت لی ہے اور ملزم ملک کے جس بھی حصے میں ہو اسے متعلقہ تاریخ پر عدالت پہنچنا ہوگا۔