سرگودھا(این این آئی )کسانوں کوخوشحال بنانے کیلیے وزیر اعظم پاکستان کے پروگرام کے تحت ضلع سرگودھا کے چھوٹے کسانوں میں 12کروڑ روپے تقسیم کیے جا رہے ہیں اورضلع کے 75کسانوں کو لینڈلیزر لیولرز قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ اس قرعہ اندازی کو شفاف بنانے کیلیے ڈپٹی کمشنر سرگودھا آسیہ گل کی سرپرستی میں 6رکنی کمیٹی قائم کی گئی۔ذرائع کے مطابق رکن قومی اسمبلی چودھری عامرسلطان چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے کسانوں کو خوشحال بنانے کے مختلف پروگراموں کے تحت 12 کروڑ روپے سے زائد کی سبسڈی دی جارہی ہے۔ جس میں نیشنل پروگرام برائے تعمیر کھالا جات ،واٹر ااسٹوریج پونڈاور پختہ کھالا جات کی تعمیر اورلیزر لینڈ لیولرزکی تقسیم شامل ہیں۔ انہوں نے نیشنل پروگرام برائے تعمیر کھالہ جات فیز تحت ڈلیزر لینڈ لیولرز کی قرعہ اندازی کی تقریب میں کہاکہ لیزر لیولرز ساڑھے 12 ایکڑ تک کے زمینداروں میں بذریعہ شفاف قرعہ اندازی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ ہر لیزر لیولر ز پر کسانوںکو ڈھائی لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی اور کسان حکومت پنجاب کے منظور شدہ اداروںسے اپنی پسند کے مطابق لیزر لیولرز خرید سکیں گے۔ڈپٹی ڈائریکٹرواٹر مینجمنٹ اشفاق سندھو نے بتایا کہ ضلع سرگودھا میں ساڑھے بارہ ایکڑ تک کے کسانوںمیں ایک کروڑ 87لاکھ 50ہزار کی سبسڈی کے ذریعے 75لیولرزکی قرعہ اندازی کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر ضلع بھر کے 365درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے93کاغذات کی کمی کے باعث مسترد کردی گئیں۔ جبکہ 272درخواستوں کی قرعہ اندازی کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ تحصیل سرگودھا میں 20لیزر لیولرز کیلیے 74 درخواستوں پر قرعہ اندازی کی گئی جبکہ تحصیل شاہ پور میں 16 لیزر لیولر ز کیلیے 59تحصیل ساہیوال کے12کیلیے44،کوٹمومن کے 11 کیلیے43،بھلوال کے 10کیلیے 35اور سلانوالی کے6لیزر لیولرز کے کوٹہ کیلیے17امیدواروں کی قرعہ اندازی کی گئی ۔ڈپٹی ڈائریکٹر اشفاق سندھو نے بتایا کہ وزیر اعظم کے کسان خوشحال پروگرام کے تحت برساتی پانی کوذخیرہ کرنے کیلیے واٹر ااسٹوریج پونڈکی تعمیر کیلیے حکومت 60فیصد سبسڈی دے رہی ہے جس کے تحت سرگودھا میں تالابوں کی تعمیر کا 20کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 39کھالوں کو پختہ کرنے کیلیے 8کروڑ روپے کی سبسڈی دے گی۔ جس سے کسان پختہ کھالوں کے میٹریل خرید سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ لینڈلیزر لیولرز کی قرعہ اندزی کیلیے حکومت پنجاب کی طرف سے ڈسٹرکٹ الاٹمنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی سربراہ ڈپٹی کمشنر آسیہ گل جبکہ دیگر اراکین میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی، اے ڈی سی ایف ایم پی یاسر بھٹی ،ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ افتخار چغتائی ،ڈپٹی ڈائریکٹر اشفاق سندھواور ڈائریکٹر جنرل واٹر مینجمنٹ کا نمائندہ شامل ہیں۔ قبل ازیں ایم این اے عامر سلطان چیمہ نے قرعہ اندازی کا آغاز کیا۔