کوئٹہ، ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں3 سیکورٹی اہلکار شہید

130

کوئٹہ(خبر ایجنسیاں)کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں3سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔سیکورٹی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو
بتایا کہ فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی کو پرانے کچلاک بائی پاس کے علاقے میں اس وقت سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کے دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ معمول کی پیٹرولنگ کرتے ہوئے وہاں سے گزر رہی تھی۔دھماکے کے زخمیوں کو علاج کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔واضح رہے کہ 21 اکتوبر کو بھی کوئٹہ میں دھماکے کا واقعہ سامنے آیا تھا اور اسپینی روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔پولیس ذرائع نے کہا کہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیے جانے والے دھماکے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا، جس سے وین کو جزوی نقصان پہنچا۔دھماکا خیز مواد سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور جب اس کے پاس سے پولیس موبائل گزری تو اسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑا دیا گیا۔یہ ایک ہفتے کے دوران کوئٹہ میں دھماکے کے ذریعے پولیس کو نشانہ بنانے کا دوسرا واقعہ تھا۔15 اکتوبر کو کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 5 اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔
کوئٹہ دھماکا