آمدن سے زاید اثاثے‘ خورشید شاہ کی 2بیویوں ‘ بیٹے ‘ داماد کی عبوری ضمانت میں توسیع

173

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کیخلاف آمدن سے زاید اثاثے بنانے سے متعلق کیس میںان کی 2 بیویوں، بیٹے، داماد اور صوبائی وزیر اویس شاہ سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں بھی توسیع کردی۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ اور جسٹس عمر سیال پر مشتمل 2 رکنی بینچ کے روبرو سماعت کے دوران صوبائی وزیر اویس شاہ سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب حکام نے بتایا کہ ملزمان کیخلاف انکوائری جاری ہے، انکوائری مکمل کرنے کے لیے مزید مہلت درکار ہے لہٰذا وقت دیا جائے۔ عدالت نے نیب حکام کو انکوائری مکمل کرنے کے لیے 16 جنوری تک مہلت دیتے ہوئے صوبائی وزیر سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں بھی توسیع کردی۔علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کیخلاف اقامے سے متعلق درخواستوں پر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کے وکیل کو دلائل کے لیے مہلت دیدی۔ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس آغا فیصل پر مشتمل 2 رکنی بینچ کے روبرو پیپلز پارٹی رہنماؤں کیخلاف اقامے سے متعلق فریال تالپور، صوبائی وزیر سید ناصر شاہ، منظور وسان اور دیگر کو نااہل قرار دینے کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ صوبائی وزیر سید ناصر شاہ کیخلاف درخواستگزار کے وکیل نے دلائل مکمل کرلیے۔ سید ناصر حسین شاہ کے وکیل نے دلائل دینے کے لیے مہلت طلب کرلی۔ عدالت نے صوبائی وزیر کے وکیل کو مہلت دیتے ہوئے سماعت 29 نومبر تک ملتوی کردی۔ درخواست گزاروں نے فریال تالپور، سہیل انور سیال، ناصر شاہ ، منظور وسان اور دیگر کی اہلیت کو چیلنج کرکھا ہے۔