ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ضلع ٹھٹھہ میں ٹائیفائیڈ بخار کی حفاظتی ویکسین لگانے کی افتتاحی تقریب کے حوالے سے دربار ہال مکلی میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں رکن سندھ اسمبلی سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر غلام مصطفی میمن، ٹی سی وی کے فوکل پرسن ڈاکٹر نذیر احمد خواجہ، اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹھہ شنکر لال، اسسٹنٹ کمشنر میرپور ساکرو عبیداللہ پہوڑ، ڈی ایس پی جمعہ خان پنہور، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، پی پی ایچ آئی اور مرف کے نمائندوں کے علاوہ محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ، تعلیم، انفارمیشن، صحافی برادری و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایم پی اے سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیفائیڈ مہم کے دوران ایسی حکمت عملی تشکیل دی جائے تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسینیشن سے رہ نہ جائے۔ ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیفائیڈ ویکسین کو ہر حال میں حفاظت سے رکھا اور استعمال کیا جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران بالخصوص سپروائزر اور ایریا انچارچز پر زور دیا کہ وہ ویکسین اور سرنج وغیرہ کے غلط استعمال سے گریز کریں اور درست طریقے سے استعمال کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر سیمینار کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر راجیش کمار نے بتایا کہ ضلع ٹھٹھہ کی کل 6 شہری یونین کونسلوں مکلی، ٹھٹھہ ون، ٹھٹھہ ٹو، گھارو، دھابیجی اور میرپور ساکرو میں 18 تا 30 نومبر 2019ء ٹائیفایڈ بخار کی ویکسین لگائی جائے گی۔ مہم میں 9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے تقریباً 113850 بچوں کو ٹائیفائیڈ کے ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔