سکھر (نمائندہ جسارت) بندھانی برادری کے رہنما حافظ شعیب بندھانی نے کہا ہے کہ عوام کی مشکلات کے ازالے کے لیے شروع کیے جانے والے ترقیاتی کام تاخیر کا شکار ہوکر عوام کے لیے وبال جان بن گئے ہیں۔ انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے، شہر کی اہم ترین شاہراہ شکارپور روڈ کی تعمیر کا کام جگہ جگہ سے ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے۔ مذکورہ علاقے میں واقع دکانداروں کا کاروبار ٹھپ ہے، خریدار علاقے کا رخ کرنے سے گریزاں ہے۔ دکاندار دن بھر ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھے رہتے ہیں۔ تعمیراتی مٹیریل کی موجودگی سے اڑنے والے گرد و غبار سے لوگ سانس، پیٹ، جلد سمیت دیگر امراض کا شکار ہورہے ہیں، مگر منتخب نمائندوں و انتظامیہ کو کوئی احساس نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حاجی یامین، عبدالجبار راجپوت و دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ شعیب بندھانی نے کہا کہ شکارپور روڈ شہر کی اہم ترین شاہراہ ہے۔ بیرون شہر سے آنے والے لوگ بھی اسی شاہراہ سے گزر کر مختلف تجارتی مراکز کا رخ کرتے ہیں مگر اس مصروف ترین شاہراہ پر 2 سال قبل شروع ہونے والا ترقیاتی کام تاحال مکمل نہیں ہوسکا ہے جو کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ٹھیکیدار کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شکارپور پھاٹک سے لے کر پولیس ہیڈ کوارٹر روڈ مختلف مقامات پر شاہراہ کی تعمیر نہیں کی گئی، تاجروں اور علاقہ مکینوں کی جانب سے متعدد بار درخواستیں کرنے کے باوجود انتظامیہ ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر، میئر سکھر و دیگر حکام سے اپیل کی کہ نوٹس لے کر مذکورہ شاہراہ کا ترقیاتی کام جلد مکمل کرایا جائے اور غفلت کے مرتکب ٹھیکیدار کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔