حکومت آصف زرداری کی صحت کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ، مولا بخش چانڈیو

149

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولابخش چانڈیونے کہا کہ عمران خان کو پاکستان کے لوگ اب سیاسی اور جمہوری تصور نہیں کرتے ‘آصف علی کی طبیعت بہت خراب ہے لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، وہ اپنی ذمے داریاں دوسرے اداروں پر ڈالنا چاہتے ہیں آصف زرداری کو ذاتی معالج کیوں فراہم نہیں کیے جارہے ہیں۔ وہ قاسم آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کررہے تھے۔ اس موقع پر صغیر قریشی، احسان ابڑو، حیدرشاہانی بھی موجود تھے انہوںنے کہاکہ آصف زرداری کی صحت کے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا ہے۔ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، پیپلزپارٹی کی بے چینی آپ کو نظر نہیں آرہی۔۔ انہوں نے کہاکہ اس حکومت کے اب تک صرف دو بڑے کارنامے ہیں ایک اداروں کو متنازع بنانا ، دوسرا کرنا کچھ نہیں ہلہ گلہ کرنا ہے۔ مخالفین کو گالیاں دینا اس
کے علاوہ ڈیڑھ سال میں کچھ نہیں کیا ملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے ۔ حکومت کی کیا ذمے داری ہے کہ وہ کیسوں میں ثبوت نہیں دے سکے، ہر کیس کو ریمانڈ پر چلارہے ہیں، آپ کے پاس ثبوت نہیں ہے یہ رویہ آپ کا اپنے ساتھیوں کیلیے نہیں ہے ، آپ کے ساتھی نیب کے کیسوں میں مطلوب ہیں ان پر تو اتنی سختی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ آصف زرداری کی صحت کی جو حالت ہے اس پر وہی رویہ اپنا جارہاہے جو آپ نے میاں صاحب کے ساتھ روا رکھا، یہ آپ کو فائدہ نہیں پہنچائے گا اس سے آپ کی نفرتیں بڑھ رہی ہیں۔ مجھے یقین ہوگیا ہے کہ یہ سیاسی اور جمہوری حکومت نہیں ہے ، یہ انسان دوست اور رحم دل دوستوں کی حکومت نہیں ہے ۔
مولابخش چانڈیو