زرداری، نواز شریف سے زیادہ بیمار ہیں، انہیں بھی باہر بھیجا جائے، اعتزاز

126

اسلام آباد (آن لائن) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری نواز شریف سے زیادہ بیمار ہیں انہیں بھی بیرون ملک بھیجا جائے، ای سی ایل سے نام وفاقی کابینہ نکالے گی اگر نواز شریف واپس نہ آئے تو وہی ذمے دار ہوگی، نواز شریف کی ڈیل کا معاملہ ٹھیک جارہا تھا لیکن شہباز شریف فیملی کے کچھ ٹوئیٹس نے بگاڑ دیا۔ پیر کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ نے کرنا ہے، نواز شریف کا معاملہ بہتر جارہا تھا لیکن شہباز شریف فیملی کے افراد کی جانب سے گیم چینجر جیسے ٹوئیٹس سے معاملہ تھوڑا بگڑا ہوا لگ رہا ہے، حکومت کہتی رہی کہ ہم نے کوئی ڈیل نہیں کرنی ہے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ اگر سابق وزیراعظم بیرون ملک جا سکتا ہے تو سابق صدر کیوں نہیں جا سکتا؟ انہوں نے کہا کہ میڈیکل بورڈ سرکاری ہے اور وہ ہی نواز شریف کی رپورٹس بنا رہا ہے، اگر نواز شریف واپس نہیں آتے تو کابینہ کے فیصلے کو دیکھا جائے گا اور دیکھا جائے گا کہ بیرون ملک جانے کی اجازت کس نے دی اور اجازت دینے والا ہی ذمے دار ٹھیرایا جائے گا۔