کو ئٹہ(نمائندہ جسارت) قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کہا ہے کہ نواز شریف کو شدید علالت پر ریلیف ملا، پیپلز پارٹی بھی آصف زرداری کے لیے ریلیف چاہتی ہے تو عدالت سے رجوع کرے۔ قومی اسمبلی میں ان کے خلاف آنے والی تحریک کا انجام ویسا ہی ہوگا جیسا صادق سنجرانی کے خلاف تحریک کا ہوا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نجی اسکول کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے
کیا۔ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ دھرنے کے شرکا کا احتجاج آئینی حق ہے ان سے مکمل تعاون کررہے ہیں، چاہتے ہیں جلد سے جلد احتجاج ختم ہوجائے، موجودہ اسمبلی نے تاریخ میں سب سے زیادہ پروڈکشن آرڈر جاری کیے ، ہمیشہ قانون اور آئین کا خیال رکھا ہے،نواز شریف کی صحت کے معاملے پرسیاست نہیں کرنی چاہیے، وہ شدید بیمار تھے ہم نہیں چاہتے انہیں کچھ ہو اور اس وجہ سے انہیں ریلیف دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو عدالت نے طبی بنیاد پر علاج کی اجازت دی، اگر آصف زرداری بھی اتنے ہی بیمار ہیں تو پیپلزپارٹی عدالت سے رجوع کرے جو بھی عدالت کا حکم ہوگا حکومت اس پر عمل درآمد کرے گی۔15 ماہ سے قومی اسمبلی کو آئین اور قانون کے مطابق چلارہاہوں، اس سے پہلے بھی بلوچستان سے آنے والے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی تھی جو ناکام رہی، اب ایک دفعہ پھر یہ تحریک لارہے ہیں دیکھتے ہیں کیا ہوتاہے۔قاسم سوری نے کہا کہ بی این پی مینگل ہمارے اتحادی ہیں، پہلے بھی انہوں نے ہمیں ووٹ دیا اور آئندہ بھی ساتھ ہوں گے۔
قاسم سوری