اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کی اثاثہ جات کیس میں جائداد نیلامی روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے نیب کو اسحاق ڈار کی جائداد نیلام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اسحاق ڈار کی اہلیہ تبسم اسحاق ڈار کی جانب سے اسحاق ڈار کی جائیداد ضبطگی کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا تے ہوئے اسحاق ڈار کی جائداد نیلام نہ کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ اسحاق ڈار کی اہلیہ تبسم اسحاق ڈار کی جانب سے درخواست میں یہ مئوقف اختیار کیا گیا تھا کہ لاہور میں گلبرگ کی رہائش گاہ انہیں اسحاق ڈار نے تحفہ میں دی تھی،لہٰذا جائداد ضبطگی اور نیلامی کے پراسیس سے لاہور کی گلبرگ والی جائداد کو محفوظ رکھاجائے، تاہم عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ تبسم اسحاق ڈار جائداد تحفے میں ملنے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکیں۔