اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مین لائن ون منصوبہ ملکی معاشی ترقی کے لیے نا گزیر ہے۔ بدھ کو وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے چین کے نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل ین ہی شیانگ نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ پشاور کراچی 1872 کلو میٹر مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبے سے متعلق پیش رفت پر بات چیت کی گئی۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ 9.2 ارب ڈالر مالیت کا مین لائن ون منصوبہ سی پیک کا دل ہے‘ اس کی تکمیل سے بڑے شہروں کے درمیان فاصلے سمٹ جائیں گے‘ کراچی سے راولپنڈی سفر کادورانیہ صرف10 گھنٹے ہو جائے گا‘ مین لائن ون منصوبہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے‘ اس منصوبے سے پاکستان کا رابطہ بذریعہ ٹرین چین، وسط ایشیا اور ایران سے ہو جائے گا‘ منصوبہ اگلے 5سال میں مکمل ہوگا۔ چین کے نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل ین ہی شیانگ نے کہا کہ وہ حالیہ جوائنٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی مذاکرات ایم ایل ون منصوبے پر پیش رفت سے مطمئن ہیں۔